ایشیا کپ2023ء ‘ بھارتی ٹیم کی میزبانی کیلئے پر امید ہیں: احسان مانی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان 2023ء میں ایشیاء کپ کی میزبانی کریگا اور بھارتی کرکٹ ٹیم بھی اس میں شرکت کریگی۔ چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ممکن ہے کہ پاکستان کو دو سال میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حقوق مل جائیں، پاکستان کو 2023ء میں ایشیاء کپ کی میزبانی کرنی ہے۔ ٹورنامنٹ میں بھارتی شرکت پاکستان کرکٹ کیلئے ایک بہت بڑی پیشرفت ہوگی ۔ امید ہے کہ تب تک سیاسی صورتحال بہتر ہوجائیگی۔ کچھ حالیہ پیشرفتوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے مابین برف پگھلنا شروع ہوگئی ہے۔سری لنکا میں اس سال کے ایشیا کپ کے بارے میں احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کے پاس اس کیلئے وقت نہیں ہے۔ جون میں ایک چھوٹی سی ونڈو تھی جس میں ہم پاکستان سپر لیگ کے باقی میچ کھیلنے جا رہے ہیں، بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلے گی ،انہیں دو ہفتے قبل انگلینڈ جانا ہے اور قرنطینہ میں رہنا ہے لہذا بھارتی ٹیم بھی مصروف ہے۔ انہوں نے یہ افواہ سنی کہ بھارت نے ایشیاکپ کیلئے اپنی بی ٹیم بھیجنے کی منصوبہ بندی کی ہے تاہم انہیں سرکاری طور پر اس کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔اس سال ایشیا کپ ہونے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اس کی بجائے سری لنکا 2022ء میں اس ایونٹ کی میزبانی کریگا۔ تمام ٹیموں کیلئے ٹورنامنٹ میں حصہ لینا بہت ضروری ہے تاکہ ایشین کرکٹ کونسل کو معقول آمدنی حاصل ہوسکے۔ ایشیا کپ سے حاصل ہونے والی رقم کرکٹ کے فروغ کیلئے ایسوسی ایٹ ممالک کو رقم فراہم کرتی ہے۔