• news

اختلافات بھلا کر عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دی جائے: شجاعت

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ، سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کو عوام کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کا کہیں۔ اختلافات بھلا کر عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائے۔ بنیادی مسائل میں مہنگائی، بے روزگاری اور قیمتوں پر کنٹرول کرنا شامل ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت سب سے پہلے اپنی تجاویز میں یہ دیکھیں کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ کیا ہے اور کیسے پیدا ہوئی اور کس نے پیدا کی اور اس کو دور کرنے کیلئے کیا اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی مسائل جن میں ووٹوں کو نوٹوں سے بچانے کیلئے اقدامات بھی شامل ہیں‘ اس پر عمل کروانے کیلئے اپنی تجاویز دیں۔ بیشک مارشل لاء سے اختلافات ہو سکتے ہیں مگر پچھلے چاروں مارشل لاء کی مثالیں دی جا سکتی ہیں۔ مارشل لاء دور میں قیمتوں پر کنٹرول اور مہنگائی، بے روزگاری، شہروں میں صفائی کے پہلے دو ہفتوں میں اقدامات کیے تھے۔ جو آج بھی عوام کو یاد ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کمیٹیاں ہمارے دور میں بھی بنتی رہی ہیں اور کمیٹیوں کی رپورٹیں آج بھی سرد خانے میں پڑی ہوئی ہیں۔ رپورٹیں محنت سے تیار کی جاتی ہیں ان پر عملدرآمد کروانے کیلئے مصلحتوں سے کام لیا جاتا ہے۔ عمران خان کو چاہیے کہ وہ وقت کا تعین کریں ورنہ یہ کمیٹی بھی کارپوریشن کمیٹی بن کے رہ جائے گی ۔  

ای پیپر-دی نیشن