فیول ایڈجسٹمنٹ :بجلی 65 پیسے یونٹ مہنگی ہونے امکان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کی تیاریاں کر لیں۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں 65 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں درخواست دائرکردی جس میں بجلی کی قیمتوں میں فروری کیلیے اضافہ مانگا گیا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ فروری میں 6 ارب 99 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس کی مجموعی لاگت 33 ارب 57 کروڑ رہی۔ اس میں سے 92 کروڑروپے کی بجلی فرنس آئل پر پیدا کی گئی۔ اس طرح فروری میں فرنس آئل پر11 روپے 89 پیسے فی یونٹ میں مہنگی ترین بجلی پیدا کی گئی۔ سی پی پی اے نے لائن لاسز کے 16 پیسے فی یونٹ بھی صارفین پر منتقل کرنے کی درخواست کی۔ نیپرا بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست پر 30 مارچ کوسماعت کرے گی۔