مسلم مخالف رویہ، بھارت کو تشویش سے آگاہ کیا جائے: امریکی سینیٹر
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی سینیٹرز نے بھارت کو پابندیوں سے خبردار کر دیا۔ چیئرمین غیرملکی تعلقات کمیٹی نے امریکی وزیر دفاع کو خط لکھ دیا جس میں بھارت میں مسلم مخالف رویوں‘ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے‘ مخالفین کو جیل میں ڈالنے اور پابندیاں لگانے کا تذکرہ ہے۔ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا گیا ہے۔ امریکی سینیٹرز نے کہا ہے کہ بھارت کو تشویش سے آگاہ کیا جائے۔ دریں اثناء زرعی قوانین پر احتجاج ختم کرانے کیلئے مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈے جاری ہیں۔ کسانوں پر کرونا پھیلانے کا الزام لگا دیا۔ امریکی سینیٹر باب مینڈز نے امریکی وزیرخارجہ ٹونی بلنکن سے کسانوں کا معاملہ بھارت سے اٹھانے کا مطالبہ کر دیا۔ بھارتی کسانوں کے احتجاج کو عالمی پذیرائی مل رہی ہے۔ دلی کی تہاڑ جیل میں قید کسانوں کو رہائی مل گئی۔ متحرک نوجوان کارکن رنجیت سنگھ نے کہا ہے کہ پہلے دن سے احتجاج میں شامل تھے۔ مطالبات کی منظوری تک کاشتکاروں کے ساتھ رہیں گے۔ زرعی قوانین پر احتجاج ختم کرانے کیلئے مودی سرکار نے اوچھے ہتھکنڈے اپناتے ہوئے احتجاج میں شریک افراد پر کرونا پھیلانے کا الزام لگا دیا۔ متحدہ کسان مورچہ کے رہنما نے کہا ہے کہ تین کالے قوانین کی واپسی تک احتجاج چلے گا۔ مظاہرین نے دلی کے اردگرد دھرنے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔