• news

یوسف گیلانی کی نااہلی‘ الیکشن کمشن پرسوں سماعت کرے گا  

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)  الیکشن کمشن آف پاکستان نے پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کیخلاف نااہلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن 22 مارچ کو معاملے کی سماعت کرے گا۔ اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر نے اپنی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ تشکیل دیدیا ہے۔ خیال رہے کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی کے رہنماؤں فرخ حبیب اور کنول شوذب نے ویڈیو سکینڈل معاملے پر الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس ویڈیو میں واضح ہے کہ علی حیدر گیلانی جو ملتان سے رکن صوبائی اسمبلی ہیں، اپنے والد یوسف رضا گیلانی کو سینٹ انتخابات میں فائدہ پہنچانے کیلئے اراکین کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ سمجھا رہے ہیں۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علی حیدر گیلانی خود میڈیا کے سامنے آئے اور اعتراف کیا کہ انہوں نے سینٹ الیکشن متاثر کرنے کی کوشش کی۔ اس لئے الیکشن کمیشن سے اپیل ہے کہ وہ یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادے کیخلاف الیکشن ایکٹ کی دفعہ 174 کے تحت کارروائی کرے۔

ای پیپر-دی نیشن