• news

 پورا یقین مسلم لیگ ن استعفے نہیں دیگی‘ پی ڈی ایم اتحاد ختم: شیخ رشید  

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سابق ادوار  حکومتوں میں معیشت کو بری طرح لوٹا گیا اس لئے عمران خان کو زیادہ توجہ معیشت پر دینا پڑی، وزیراعظم  کا خود کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے پیش کرنا کوئی معمولی کام نہیں، پورا یقین ہے کہ پوری مسلم لیگ (ن) استعفے نہیں دے گی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک کبھی ایک نہیں ہوسکتا۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)  اتحاد ختم ہوچکا ہے، عید کے بعد شاید اپوزیشن کوئی ریلی لے کراسلام آباد آئے، چھ مہینے پہلے انہوں نے جو اتحاد بنایا تھا اب ختم ہوچکا ہے، دنیا ادھر سے ادھر ہو جائے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک نہیں ہوسکتی،  مسلم لیگ (ن) کے استعفوں کا جب وقت آیا تو اس میں بھی دراڑ پڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہیوی ویٹ سیاستدان بن چکے ہیں، عمران خان ٹکرائو کی سیاست میں نہیں جانا چاہتے، مذاکرات چاہے  کامیاب نہ ہوں لیکن ان کا سلسلہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پارٹی میٹنگز میں واضح کیا ہے کہ اڑھائی سال گزر چکے ہیں اب ہمیں کام کرنا ہے ،غلطی کی گنجائش نہیں ہر کسی کو ڈلیور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نیب قوانین میں ترامیم کیلئے دس رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، اپوزیشن کے کیس ختم کرنے کی ڈیمانڈ کبھی پوری نہیں ہوسکتی، نوازشریف باہر سے بیٹھ کر انقلاب نہیں لاسکتے، وزیر اعلی پنجاب کو تبدیل نہیں کیا جارہا،عثمان بزدار ،شہبازشریف کی طرح ڈرامے بازیاں نہیں بلکہ کام کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور کابینہ ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن