معیشت میں بہتری آئی، عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم رکوائے: صدر
اسلا م آباد (نمائندہ خصوصی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت تعلقات کی بحالی میں تنازعہ کشمیر بڑی رکاوٹ ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کے خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق پرامن حل چاہتا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسیوں کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔ بھارت اس تنازع کے حل کیلئے اقدامات کے بجائے پچیس لاکھ غیر کشمیریوں کو جعلی شہریت نامہ دے رہا ہے تاکہ متنازعہ علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود پاکستان کشمیر کا پر امن حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی توجہ جغر افیائی سیاست سے جغرافیائی معیشت کی طرف منتقل کر دی ہے۔ مثبت اعشاریوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ معیشت میں بہتری آئی ہے۔ تعمیراتی شعبہ ترقی کر رہا ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر پر قابو کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کیلئے گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں اور ملک معاشی محاذ پر مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر چین اور وسطی ایشیائی جمہوریتوں کیلئے مختصر ترین راستہ بن کر معاشی مرکز کے طور پر ابھرے گا۔ علاوہ ازیں عارف علوی کیساتھ سری لنکن فورسز کے کمانڈر نے ملاقات کی۔ مزید برآں پاکستان اور کویت نے تعلیم، صحت، تجارت اور معیشت میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور کویتی وزیرِ خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصیر المحمد الاحمد الجابر الصباح کی ایوان صدر میں ملاقات کے دوران پایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت اور سائنس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان کویت کو ہنر مند افرادی قوت اور دیگر پیشہ ور افراد مہیا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کویت کے فوجی اہلکاروں کو اپنے فوجی تربیتی اداروں میں تربیت فراہم کرسکتا ہے۔ گواد ر بندرگاہ اور سی پیک سے پاکستان کی معاشی و جغرافیائی اہمیت میں اضافہ ہوا۔ صدر مملکت نے کہا کہ کویت سی پیک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے معاشی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کشمیر کی مسلم آبادی کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ کویتی وزیر خارجہ نے کہا کہ مرحوم امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کی وفات پر تعزیت کیلئے کویت آمد پر صدر مملکت کے مشکور ہیں۔ کویت کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا اہم کردار اور وہ کویتی ترقیاتی پروگرام کا اہم حصہ ہیں۔