مودی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے لاکھوں خاندانوں کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے: راہول گاندھی
نئی دہلی (کے پی آئی ) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ملک اب بھی غیر منصوبہ لاک ڈاون کا سامنا کر رہا ہے اور مودی حکومت کی نااہلی اور مختصر نگاہوں کی وجہ سے لاکھوں خاندانوں کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ بھارتی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلا وکو روکنے کے لئے گذشتہ سال 24 مارچ کو ملک بھر میں لاک ڈاون نافذ کیا تھا۔ گاندھی نے اپنے ٹویٹ میں لاک ڈاون کے لئے حکومت سے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے غریبوں اور تارکین وطن کو پریشانیوں کا سامنا اٹھانا پڑا،علاوہ ازیں تنسکیا میں انتخابی ریلی سے خطاب میں راہول نے کہا کہ بی جے پی آسام کو ناگپور سے چلانا چاہتی ہے، جہاں آر ایس ایس کا ہیڈکوارٹر ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ باہری لوگ آئیں اور جو آپ کا ہے اسے اپنے قبضے میں لے لیں، جیسے انھوں نے آپ کا ائیرپورٹ لے لیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم آسام کو صرف آسام سے چلانا چاہتے ہیں۔ کانگریس کا وزیر اعلی آسام کی عوام کی بات سننے کے بعد کوئی کام کرے گا اور اس کا ناگپور سے کسی طرح کا کوئی تعلق نہیں رہے گا۔