افغانستان: 3 بم دھماکے، ففتھ بریگیڈ کمانڈرسمیت 7 ہلاک
کابل+ جلال آباد (نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ)افغانستان کے صوبے ہرات، ننگرہار میں بم دھماکے، سکیورٹی فورسز کے 6 اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق افغان صوبے ہرات میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹنے سے افغان سرحدی فورس کے6 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ دھماکے میں ففتھ بریگیڈ پارٹی فورس کا کمانڈر بھی ہلاک ہو گیا۔ادھر صوبے ننگرہار میں سڑک کنارے نصب 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں سڑک کنارے ہونے والے 2 مختلف بم دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دھماکے کی جگہ سے شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیئے ہیں۔ پہلا دھماکا زراعت و لائیو سٹاک کے دفتر کے قریب ہوا جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا دھماکا چوکے تلاشی کے قریب ہوا جس میں صرف ایک شخص زخمی ہوا جس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، دھماکوں کی ابھی تک کسی بھی گروپ کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔