• news

پاکستان کے 22 کروڑ عوام ملکی دفاع کیلئے پو ری طرح متحد: پیر منور جماعتی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) حصول پاکستان کیلئے ہمارے بزرگوں نے بے پناہ قربانیاں دیں۔ ملک دشمن طاقتیں یاد رکھیں پاکستان کے بائیس کروڑ عوام دفاع وطن کیلئے پوری طرح متحد اور یک جان ہیں۔ قرارداد پاکستان نہ صرف پاکستان بلکہ اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے خون سے دو قومی نظریہ کو جلا بخشنے والے ہمارے آبائو اجداد کی قربانیوں سے آج آزاد فضا اور الگ مملکت میسر ہے۔ پاکستان دشمن قوتوں کا مقابلہ ایک ایسی محب وطن قوم ہے جو پاک وطن کیلئے اپنی جان و مال عزت و آبرو سب کچھ لٹانے اور نچھاور کرنے کے جذبے سے سر شار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز رہتی دنیا تک قائم رہیگا اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان دنیا کی عظیم معاشی مملکت کے طور پر دنیا بھر میں اپنا لوہا منوائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اپنے محسنوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ہم اسلام کی عظمت اور استحکام پاکستان کیلئے تن، من، دھن قربان کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کا دن ناقابل فراموش ہے۔ درحقیقت اسی دن پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن