مریم نیب پر چڑھائی کی دھمکی دے رہی ہیں: شبلی فراز
اسلام آباد (نامہ نگار) سینیٹر شبلی فراز نے 26مارچ کو مریم نواز کی نیب پیشی پر سیاسی جتھوں کے استعمال کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی کو قانون کی گرفت سے بچنے کے لئے پرتشدد ہتھکنڈوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ ایک خاتون سیاسی پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے جواب دینے کی بجائے ادارے پر لشکر کشی کرنے جارہی ہے۔ اپنے ادوار میں سپریم کورٹ پر حملوں، عدالتوں میں پیشی پرگھیرائو اور جلائو کرنے والوں کی بلیک میلنگ میں آئیں گے اور نہ ہی انہیں حکومت کوئی این آر او دے گی۔ قانون سازی کا عمل تیز اور اصلاحات لائیں گے ۔ احتساب کا عمل ویسے نہیں ہو رہا جس طرح حکومت اور پاکستان کے عوام توقع رکھتی تھی۔ براڈ شیٹ معاملے اور عدالتی فیصلے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔ وہ پیر کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز کا گذشتہ روز یوتھ کنونشن خطاب میں لب و لہجہ مایوس کن تھا۔ مریم نواز کا لب و لہجہ فہم و فراست سے عاری فرد کا لگ رہا تھا۔ فضل الرحمان نے ہمیشہ مذہب اور دین کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔ ان لوگوں نے سیاست کو غیرقانونی کارروبار بنا دیا ہے۔ یہ مایوس عناصر اپنی سیاست میں ہر غیر قانونی کارروبار کی سرپرستی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کرپشن کی وضاحت دینے کی بجائے آئینی ادارے پر چڑھائی کی دھمکی دے رہی ہیں، یہ لوگوں کو ترغیب دے رہے ہیں کہ پہلے لوٹ مار کرو اور پھر جتھے بنا کر اداروں پر حملے کرو۔ زبانیں کاٹنا اور زبانیں کھینچنے کی باتیں کی گئیں۔ سیاست کو غیر قانونی کاروبار بنا دیا گیا ہے۔ اپنے دور حکومت میں لینڈ مافیا، ذخیرہ اندوزوں، جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرتے رہے ہیں، اس کلچر کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس بات پر مضبوط کھڑے ہیں ملک کا مستقبل روشن اور قانون کی حکمرانی ہے۔ اپوزیشن کی کرپشن، لشکر کشی اور دھونس کی سیاست نہیں چلنے دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ 26مارچ کو کیا کیا وعدے کیے گئے۔ بہت سی حکمت عملی بنائی گئیں سب کی سب خاک میں مل گئی ہیں۔ پی ڈی ایم تو ختم ہوگئی اب ان کی سیاست بھی ختم ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ہر روز ان کی صحت میں بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل معمول کی چیز ہے ۔ پی ٹی آئی حکومت کو اڑھائی سال مکمل ہو چکے ہیں ، اپنی ٹیم کو مزید متحرک کرنے اور خاص اہداف کو حاصل کرنے کے لئے کابینہ میں ردوبدل کپتان کا استحقاق ہے۔ انہوں نے کہا پچھلی دفعہ بھی نیب پیشی پر ڈرامہ کیا گیا تھا۔ ان کی اس دفعہ بھی ایسی کوشش ہوگی، مریم نواز اور فضل الرحمان امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنا چاہتے ہیں جو نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مہنگائی کیخلاف جہاد کرنا ہے۔