23مارچ قوم کیلئے انتہائی اہم مہنگائی کا خاتمہ اولین ترجیح غلام سرور
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستانی قوم کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 23 مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی جس کے بعد مسلمانوں کے لئے الگ وطن معرض وجود میں آیا۔ یوم پاکستان کے موقع پر نوائے وقت کی 81 ویں سالگرہ تقریب کے دوران اسلام آباد دفاتر میں کیک کاٹنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں اور قائداعظم کے بتائے گئے اصولوں کے مطابق ملک کو عظیم ریاست بنانے کے لئے جدوجہد کریں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا کی تیسری لہر کے پیش نظر پروازوں کے لئے حفاظتی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اندرون ملک پروازوں کے لئے کوئی نئے ایس او پیز جاری نہیں کئے گئے جب کہ بیرون ملک پروازوں کے لئے مختلف ممالک کو تین کیٹیگریز میں رکھا گیا ہے۔ حکومت اس ون پوائنٹ ایجنڈے پر کام کر رہی ہے کہ مہنگائی کے جن کو کس طرح بوتل میں بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی بہت بڑی وجہ زراعت کے شعبے کو نظر انداز کرنا ہے۔ مڈل مین کے کردار کے خاتمے کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ منڈیوں کو ریگولرائز کرنے اور مڈل مین کے کردار کو ختم کرنے کا اختیار صوبوں کے پاس ہے۔ لیکن صوبائی حکومتیں بھی اس ضمن میں موثرکردار ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت دو ہزار مقرر کی جانی چاہیئے۔ ہم گندم 2400 روپے فی من امپورٹ کرتے ہیں اور آٹا آٹھ سو روپے میں بیچ رہے ہیں۔