حسن علی کا دوسرا کرونا ٹیسٹ بھی منفی جنوبی افریقہ روانگی کے امکانات روشن
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کا کورونا وائرس کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آگیا جس کے بعد ان کی دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم کے ہمراہ روانگی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔پاکستان سپر لیگ میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے حسن علی بالآخر صحتیاب ہو گئے ہیں اور ان کے کورونا کے دو ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں۔حسن علی آج قومی ٹیم کے اسکواڈ کو جوائن کرنے کے لیے لاہور میں رپورٹ کریں گے اور کل بائیو سیکیور ببل میں داخل ہوں گے۔ایک روز آئسولیشن میں گزارنے کے بعد حسن علی کے 24 مارچ کو دو کووڈ ٹیسٹ کیے جائیں گے اور دونوں ٹیسٹ منفی آنے پر حسن علی 26 مارچ کو ٹیم کے ساتھ جوہانسبرگ روانہ ہوسکیں گے۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر کے دو ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کی تھی البتہ اعلامیے میں حسن علی کے نام کی نشاندہی نہیں کی گئی۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل ایک رکن (جس کا گزشتہ ہفتے کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا) کے اب دو ٹیسٹ منفی آچکے ہیں۔یاد رہے کہ حسن علی کا 18 مارچ کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی گئی تھی جس کے بعد ان کی قومی ٹیم کے ہمراہ جنوبی افریقہ روانگی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے حسن علی کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔