وزیر اعلیٰ کے میگاترقیاتی پیکج سے حافظ آباد میں خوشحالی آئیگی :شوکت علی بھٹی
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)رکن قومی اسمبلی چودھری شوکت علی بھٹی،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری و ایم پی اے مامون جعفر تارڑ اور ایم پی اے میاں احسن انصر بھٹی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی جانب سے حافظ آباد کے لیے 7ارب 20کروڑ روپے کے میگاترقیاتی پیکج سے حافظ آباد میں تعمیرو ترقی اورخوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا ۔ اس میگا ترقیاتی پیکج کے علاوہ 8ارب 30کروڑکی لاگت سے جدید اور نیا ڈی ایچ کیو ہسپتال جبکہ 6ارب کی لاگت سے یونیورسٹی آف حافظ آباد بنائی جائیگی ،وفاقی حکومت کی جانب سے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے پی سی ون کی منظوری دی جاچکی ہے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے یونیورسٹی اور ہسپتال کے لیے اراضی بھی محکموں کو ٹرانسفر کر دی گئی ہے ۔وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے حافظ آباد کے لیے مجموعی طور پر 21ارب روپے کا میگا ترقیاتی پیکج شروع کیا جارہا ہے ،ماضی میں کسی حکومت نے حافظ آباد کی ترقی کے لیے اتنے بڑے پیکج کا اعلان نہیں کیا۔