ٹی وی ڈراموں کی خالق حسینہ معین انتقال کر گئیں
لاہور+ کراچی (سپیشل رپورٹر+ این این آئی) معروف ڈرامہ نویس، مصنفہ اور مکالمہ نگار حسینہ معین 79 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئیں۔ حسینہ معین نے پی ٹی وی کے لیے ان کہی، دھوپ کنارے، تنہائیاں، آنسو، بندش، انکل عرفی، آہٹ، کہر شہزوری، زیر زبر پیش جیسے یادگار ڈرامے لکھے۔ حسینہ معین 20 نومبر1941ء کو بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کانپور سے حاصل کی۔1963ء میں جامعہ کراچی سے تاریخ میں ماسٹرز کیا۔ ان کی پہلی پہلی فلم ’یہاں سے وہاں تک‘ تھی۔ فلم’نزدیکیاں‘ اور ’کہیں پیار نہ ہوجائے‘ بھی لکھی۔ حسینہ معین نے بھارتی اداکار اور پروڈیوسر ’راج کپور‘ کی خواہش پر ان کی فلم ’حنا‘ کے لیے مکالمے تحریر کیے۔ حسینہ معین کو پرفارمنگ آرٹس کی خدمت پر تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایک بہترین مصنفہ کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ چیئرپرسن الحمرا منیزہ ہاشمی و ایگزیٹو ڈائریکٹر الحمرا ڈاکٹر اسلم ڈوگر نے کہا ہے کہ زبان و ادب میں حسینہ معین کو بے پناہ قدر و منزلت و مقام حاصل رہے گا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس کی کارروائی کے آغاز میں ممتاز ڈرامہ رائٹر حسینہ معین، پہلی نیوز کاسٹر کنول نصیر اور فوٹو گرافر محمد فاضل کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔