پاکستان بھارت فلیگ میٹنگ ایل او سی کے طے شدہ نکات پر عمل کا جائزہ
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس پی آرکے مطابق پونچھ کراسنگ پوائنٹ پر پاکستان بھارت بریگیڈ کمانڈرز کی سطح پر اہم فلیگ میٹنگ ہوئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے بریگیڈ کمانڈرز کی سطح پر فلیگ میٹنگ راولا کوٹ پونچھ کراسنگ پوائنٹ کا مقام چنا گیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی اس فلیگ شپ میٹنگ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعین شدہ نکات پر عملدرآمد کیلئے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل دونوں ممالک کی فوج کے ڈی جی ایم اوز کا گزشتہ ماہ ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا تھا، جس میں دونوں جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے پاکستان بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطے سے متعلق کہا تھا کہ ہر کوئی امن کا خواہش مند ہے۔ فائر بندی برقرار رکھنا پہلا قدم ہے۔ ایل او سی پر پانچ سو میٹر کے اندر کوئی نئی دفاعی تعمیرات نہیں ہونگی، کسی پوسٹ کو براہ راست ہدف بھی نہیں بنایا جائے گا۔