• news

نوائے وقت اسلام آباد کے سینئر رپورٹر سہیل عبدالناصر کرونا سے انتقال کر گئے  

اسلام آباد (نامہ نگار) سینیئر صحافی اور نوائے وقت کے سینیئر رپورٹر سہیل عبدالناصر کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔ انہیں گزشتہ روز نمازہ جنازہ کے بعد آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں صحافیوں اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سینیٹر شبلی فراز، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، مریم اورنگزیب سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے سہیل عبدالناصر کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ اور تین کم سن بچے چھوڑے ہیں۔ مرحوم گزشتہ تین دہائیوں سے نوائے وقت کے ساتھ وابستہ تھے۔ انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ایم اے کیا اور نوائے وقت کے ساتھ بطور سب ایڈیٹر وابستہ ہو گئے جس کے بعد انہیں رپورٹنگ کی ذمہ داریاں سونپی گئیں جسے انہوں نے کما حقہ ادا کیا۔ وہ دفاعی اور خارجہ امور پر دسترس رکھتے تھے۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ پاکستان کے ایٹمی دھماکے کر نے کی خبر سب سے پہلے انہوں نے نوائے وقت میں شائع کی۔ جبکہ ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا تاریخی انٹرویو بھی کیا۔ وہ افغان امور کے بھی ماہر سمجھے جاتے تھے۔ علاوہ  ازیں سابق صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری‘ عرفان صدیقی‘ محمد علی درانی‘ انجنیئر امیر مقام  نے سہیل عبدالناصر کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ نوائے وقت اسلام آباد سمیت لاہور، ملتان اور کراچی کے دفاتر میں سینئر رپورٹر سہیل ناصر کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ ایم ڈی رمیزہ نظامی نے  انکے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ  ایک مخلص، تجربہ کار صحافی اور محنتی ورکر سے محروم ہو گیا ہے۔ انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھ جائے گا۔ رمیزہ نظامی نے انکی بیوہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ کریم مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن