سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فروخت یقینی بنائی جائے:ڈی سی
لاہور(نیوز رپورٹر)سی لاہور مدثر ریاض نے اکبری منڈی کا اچانک دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر عامر شفیق، ڈپٹی ڈائریکٹر عمران مقبول، ڈی او انڈسٹریز اور سیکرٹری مارکیٹ بھی ڈی سی لاہور کے ہمراہ تھے۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے اکبری منڈی کے تاجران سے ملاقات کی۔ انہوں نے چینی کے سٹاک اور دیگر اشیائے ضروریہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد اور ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی بات کی گئی۔ چینی کے ڈیلرز جن کے خلاف مقدمات کا اندراج ہوا ہے، ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے لسٹ بھی طلب کر لی۔ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے جیل روڈ، صدیق ٹریڈ سنٹر، مین لبرٹی مارکیٹ، ایم ایم عالم روڈ، نور جہاں روڈ، شیر پاو ٔ پل، گوالمنڈی، مو چی گیٹ، داتا صاحب کے علاقے کا بھی دورہ کیا۔ لبرٹی چوک میں کوڑا کرکٹ کی موجودگی پائی گئی۔ انہوں نے کوڑا کرکٹ موجود ہونے پر متعلقہ افسران کو کوڑا اٹھوانے کے فوری احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے جی ایم ایل ڈبلیو ایم سی کو فیلڈ میں خود نکلنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکاروں کی فیلڈ میں حاضری کو یقینی بنایا جائے اور ان کے کام کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ سڑکوں کے اطراف سے کوڑا کرکٹ کو فوری اٹھایا جائے۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے معاملے میں ہرگز کوتاہی نہ برداشت کی جائے گی۔