• news

جنوبی افریقہ میں قومی کرکٹرز کے کرونا ٹیسٹ منفی آج سے ٹرینینگ شروع

لاہور (سپورٹس رپورٹر )جنوبی افریقہ پہنچنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ قومی سکواڈ میں شامل تمام 34 ارکان  کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ 34 ارکان میں سے 21 کھلاڑی اور 13 ٹیم آفیشلز ہیں۔پی سی بی کے مطابق کرونا منفی آنے کے بعد قومی سکواڈ آج سے سپر سپورٹس پارک سنچورین میں اپنی ٹریننگ کا آغاز کردے گا، جنوبی افریقہ کے مقامی وقت کے مطابق 28 مارچ کی سہ پہراڑھائی بجے پہلے ٹریننگ سیشن کا آغاز ہوگا۔پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ افریقہ کے دوران تین ون ڈے اور چار ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، ایک روزہ سیریز کا آغاز 2 اپریل سے ہوگا۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور آفیشلز گزشتہ روز جوہانسبرگ پہنچے ہیں۔جنوبی افریقہ روانگی سے قبل پاکستان میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ ہوئے تھے، جو منفی آنے کے بعد قومی ٹیم کو روانگی کی اجازت ملی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے 34رکنی وفد کا جنوبی افریقہ افریقہ پہنچنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور زمبابوے کرکٹ بورڈ حکام کے درمیان باقاعدہ رابطہ قائم ہوگیا ہے۔ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والے رابطے میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچوں کے انعقاد کا تبادلہ خیال کیا گیا۔ جس میں طے پایا کہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں کھیلے جانے والے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں کا شیڈول سامنے آنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے 11 کھلاڑی کیمپ کو جوائن کرسکیں گے۔ پاکستان، زمبابوے سیریز کا شیڈول اگلے ہفتے جاری ہونے کا امکان ہے۔ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ کی افغانستان سے سیریز میں مصروفیت کے باعث شیڈول کااعلان نہیں ہوا۔سیریز کا شیڈول جاری ہونے کے بعد ٹیسٹ سکواڈ کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔پاکستان کو زمبابوے کے خلاف تین ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے، ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو 12 اپریل کو زمبابوے روانہ ہونا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن