• news

لوٹی رقوم کی وصولی کیلئے کوششیں ڈبل کر دیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمن جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہا ہے۔ نیب کرپشن فری پاکستان کے لئے پر عزم ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کے لئے قائم کیا گیا۔ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بالواسطہ اور بلا واسطہ طور پر 714ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کروائے ہیں۔ جبکہ نیب مقدمات میں سزا کی شرح 68.8 فیصد ہے۔ جو کہ انسداد بدعنوانی کے دیگر اداروں کے مقابلے میں شاندار کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب افسران بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان سے معصوم پاکستانی شہریوں سے لوٹی گئی رقم وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرانے کے لئے اپنی کوششیں دو گنا کریں۔ تاکہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے اور ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ نیب نے اپنی پاکستان ٹریننگ اینڈ ریسرچ اکیڈمی قائم کی ہے۔ جس میں جدید تقاضوں کے مطابق انویسٹیگیشن افسران اور پراسیکیوٹر کو خصوصی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ تاکہ وائٹ کالر کرائمز اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کو نمٹا نے میں ان کے معیار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ بزنس کمیونٹی کی شکایات سننے کے لئے نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز میں خصوصی سیل قائم کئے گئے ہیں۔ کیونکہ نیب بزنس کمیونٹی کا بے حد احترام کرتا ہے جو کہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ نیب کا کسی سیاسی جماعت گروپ یا فرد سے کوئی تعلق نہیں۔ نیب کا تعلق صرف ریاست پاکستان سے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن