فضل الرحمان نے شوریٰ ‘ پارلیمانی لیڈروں کا مشترکہ اجلاس 6 اپریل کو بلا لیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جے یو آئی کی مرکزی مجلس شورٰی اور قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے پارلیمانی لیڈرز کا مشترکہ اجلاس 6اپریل کو مرکزی سب آفس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ مر کزی ڈپٹی سیکرٹری مولانا محمد امجد خان کے مطابق اجلاس کا ایجنڈا مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری کی طرف سے جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کا کردار بھی زیر بحث آئے گا جبکہ سینٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے موقع پر پی ڈی ایم کر دار سمیت دیگر امور بھی زیر بحث آئیں گے۔ مولانا فضل الرحمن ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ مولانا امجد خان نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے قائد جمعیت کو آرام ہے مشورہ دیا ہے ، اور وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے آبائی گھر میں ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق آرام کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلسل سفر، بے آرامی کی وجہ سے ان کی طبیعت ناساز ہوئی تھی مگر اب وہ بہتر ہیں۔