مریدکے: ڈرائیور سوگیا، بس ٹرالر سے ٹکرا گئی، 6 جاں بحق، 12 زخمی
مریدکے+فیروز والا(نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) جی ٹی روڈ پر تیز رفتار مسافر بس اوور ٹیکنگ کے دوران ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار دو کمسن بھائیوںاور ایک خاتون سمیت 6افراد جاں بحق اور12زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کی ٹانگیں اور بازو ٹوٹ گئے۔ ریسکیو1122کی ٹیموںنے بس کو کاٹ کو زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پہنچایا۔ عملہ کی کمی کے باعث زخمی تڑپتے رہے۔ اپنے معصوم بچوں کے ساتھ چھٹیاں منانے میکے جانے والی خاتون بھی جاں بحق ہو گئی اور معصوم بچے غم کی تصویر بنے مردہ خانہ کے سامنے بیٹھے رہے۔ بتایا گیا ہے کہ اوچ شریف سے سیالکوٹ جانے والی مسافر بس نمبرLES-10-2590 جب جی ٹی روڈ پر رائل تاج ریسٹورنٹ کے قریب پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث اوور ٹیکنگ کے دوران ڈرائیور بس پر قابونہ رکھ سکا اور بس کا درمیانی حصہ سامنے جانے والے ٹرالر سے ٹکراتا ہوا گزر گیا اور گیٹ سے لے کر آخر تک پوری بس کے پڑخچے اڑ گئے۔ المناک حادثہ میں اپنے چچا محمد تنویر کے ہمراہ جانے والے دو کمسن بھائی تین سالہ محمد عمیر اور ایک سالہ محمد زبیر کے علاوہ اپنے بچوں کے ہمراہ چھٹیاں منانے کے لیے میکے جانے والی فیصل آباد کی رہائشی40سالہ خاتون صائمہ زوجہ جاوید اقبال،21سالہ محمد صدیق ولد عاشق حسین اور ایک35سالہ شخص جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ ایک زخمی کے ہسپتال پہنچ کر دم توڑنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ڈی ایس پی نیشنل ہائی وے کے مطابق ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث حادثہ پیش آیا ہے۔ حادثہ کے فوری بعد بس اور ٹرالر کے ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیںورثاء کے حوالے کر دی ہیں۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ مریدکے قریب ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے پانچ افراد کا تعلق ملتان کے علاقہ دنیا پور سے تھا۔ جن میں دو شیر خوار بھائی بھی شامل ہیں۔