چینی سٹہ مافیا کے مزید4 ارکان گرفتار، 40 ملزمالکان ایف آئی اے طلب
کراچی (این این آئی) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل نے شوگر سٹہ مافیا کے تین ارکان کی گرفتاری کے بعد مزید 4 افراد کو کراچی سے گرفتار کرلیا ہے جس کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ ملزمان کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کرلیے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے حکام نے کارروائی کے دوران تین بروکر دیال داس، سنتوش کمار اور راج کمار گرفتار ہوئے تھے۔ اس کے بعد ایک اور کارروائی کے نتیجے میں مزید 4 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزمان شوگر سٹہ مافیا میں ملوث ہیں۔ ملزمان نے مجرمانہ کارروائیوں کیلئے سوشل میڈیا فورمز اور جعلی بنک اکائونٹس کا استعمال کیا۔ ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے چالیس شوگر سٹہ بازوں کو طلبی کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے انہیں مکمل دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ نجی ٹی وی نے ایف آئی اے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مکمل چھان بین کے بعد شریف، شمیم، کنجوانی گروپ کے اسلم بھلی کو 30 مارچ کو مکمل دستاویزات کے ساتھ طلب کرلیا گیا ہے۔ اسی طرح جے ڈی ڈبلیو کے ملک عباد کو بھی تیس مارچ کا نوٹس بھجوایا گیا ہے۔ جے ڈی ڈبلیو کے ملک ماجد کو اکتیس مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔ اسی روز مستنصر گوگی، رمضان و العربیہ شوگر گروپ کو بھی نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ شیخ عامر، چوہدری شوگر گروپ کو یکم اپریل کو طلب کیا گیا ہے جبکہ آر وائی کے شوگر گروپ کے اسد بھایا کو بھی دو اپریل کو ایف آئی اے لاہور میں طلب کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شوگر سٹہ مافیا ارکان کو تیس مارچ کیلئے ایف آئی اے لاہور آفس میں طلبی کے نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایف آئی اے نے ایف بی آر، بینکس اور منی چینجرز سے بھی ریکارڈ طلب کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر سٹہ بازوں کو تمام ذاتی و کاروباری بنک اکائونٹس کی فہرست ساتھ لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام بے نامی اکائونٹس کی فہرست بھی ساتھ لانے کی ہدایات کی گئیں ہیں۔ ایف آئی اے نے واضح کیا کہ ایف بی آر، ایمنسٹی میں ظاہر فیملی، بے نامی اثاثہ جات کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ شوگر سٹہ بازوں کو ایک سال میں اندرون، بیرون ملک کی ٹی ٹیز کی فہرست لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ طلبی نوٹس پر متنبہ کیا گیا ہے کہ عدم حاضری، عدم تعاون کی صورت میں گرفتاری کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایف آئی اے نے چینی سٹہ مافیا کے خلاف بائیو ڈیٹا رپورٹ تیار کرلی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے نے17 ہزار 500 صفحات پر مشتمل سٹہ مافیا کے خلاف بائیو ڈیٹا رپورٹ تیار کر لی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سٹہ مافیا نے 110 بلین روپے کا فراڈ کیا۔ ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ سٹہ مافیا نے تین واٹس ایپ گروپ بنائے ہوئے تھے، ان گروپس میں پاکستان شوگر گروپ، دوسرا شوگر مرچنٹ گروپ اور تیسرا شوگر ٹریڈ گروپ تھا۔ ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق سٹہ مافیا ان تینوں گروپس کے ذریعے چینی بحران اور قیمتوں کا اتار چڑھاؤ کرتا تھا۔ انہوں نے چینی کی مقررہ قیمت سے کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت کی اور 69 روپے کلو والی چینی 90 روپے میں فروخت کرتے رہے۔