• news

دھاندلی زدہ حکومت فوت ہوگئی‘ تباہی سے بچنے کا واحد حل نئے الیکشن: احسن اقبال

نارووال (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ2018ء میں دھاندلی کے ذریعے جو حکومت مسلط کی گئی تھی وہ اب فوت ہوچکی ہے۔ ایک نعش کو جتنی دیر تک رکھیں اسکی بدبو اور تعفن پھیلے گا۔ اس لئے ایک نالائق، نااہل اور ناکام حکومت کو مزید آکسیجن دینے کی بجائے ختم کرکے ملک کو مزید تباہ ہونے سے بچانے کا واحد طریقہ ملک میں نئے انتخابات ہیں۔ تمام محب وطن پاکستانی جو کسی بھی شعبے سے وابستہ ہیں اس قومی بحران کے بارے میں سوچیں۔ اور اب واحد راستہ صرف عوام کے پاس جانے میں ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ جنہوں نے یے نسخہ لکھا تھا اس ’’آل پرپز سکیور کو جو اب آل پرپز کینسر بن چکا ہے۔ اگر مزید حمایت کی گئی تو تاریخ ان لوگوں کو بھی مجرم گردانے گی جنہوں نے پاکستان کے ساتھ یہ حادثہ کیا ہے۔ اس لئے اس بحران سے نکلنے کا واحد راستہ پاکستانی عوام کی طرف رجوع کرنا ہے۔ مہنگائی کا جن بے قابوہوچکا ہے۔ حکومت نے انتظامی مشینری تباہ کر دی ہے۔ جہاں چھ چھ آئی جی، چیف سیکرٹری، دس دس کمشنر، ڈپٹی کمشنر، پندرہ پندرہ سیکرٹری تبدیل ہوں گے اور جس ملک میں ٹیکس اکٹھا نہیں ہو گا وہاں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جائے گا۔ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے پارلیمنٹ کو بائی پاس کیا گیا۔ آرٹیکل71کی دھجیاں بکھیر دی گئیں۔ 2018میں ’’آل پرپز‘‘ جس کو بتایا گیا دراصل وہی شخص ملک کی بیماری کی وجہ ہے۔ مسلم لیگ ن نے دن رات محنت کرکے ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا تھا اس کو اور سی پیک منصوبے کو تباہ کر دیا گیا۔ شائد اسی وجہ سے آج چین اور ایران کے درمیان چار سو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری معاہدہ ہو گیا ہے۔ احسن اقبال نے سپریم کورٹ  کا شکریہ اداکیا جن کی وجہ سے پنجاب کے 58 ہزار بلدیاتی نمائندوں کو زندگی ملی ہے۔ حکومت پنجاب بلدیاتی اداروں کی بحالی میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ ابھی تک نوٹیفکیشن جو بلدیاتی اداروں توڑنے بعد بلدیات اداروں کی ساکھ کے بدلنے کے لئے کئے گئے تھے واپس نہیں لیے گئے۔ حکومت پنجاب سپریم کورٹ فیصلے اور آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ حکومت نے پارلیمنٹ کو تباہ کر دیا ایوان صدر کو آرڈیننس فیکٹری بنا دیا ہے۔ سٹیٹ بنک کو گروی رکھ رہے ہیں اسے آئی ایم ایف کا ذیلی ادارہ بنا رہے ہیں پاکستان کی اقتصادی پالیسی اسلام آباد میں نہیں آئی ایم ایف کے بابو واشنگٹن میں بنایا کریں گے۔ پاکستان کی بربادی کی وجہ یہ حکومت پاکستان کی معاشی ترقی کو کریش کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن