ننکانہ: ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی‘ 880 تھیلے چینی برآمد‘ 2 گودام سیل
ننکانہ صاحب (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد کی ہدایت پر ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش مہنگے داموں فروخت کرنے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، 880سے زائد چینی کے تھیلے برآمد کرکے دوگوداموں کو سیل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ نواحی قصبہ بڑا گھر اور موڑکھنڈا میں چھاپے مارے جہاں پر گوداموں میں چینی ذخیرہ کی گئی تھی۔ ڈی او انڈسٹریز ننکانہ صاحب نے 880سے زائد چینی کے تھیلے برآمد کرکے دونوں گوداموں کو سیل کردیا۔ اس موقع پر ڈی او انڈسٹریز نے صحافیوں کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر رہی ہے کسی بھی شخص کو اشیائے خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی کے ذریعے مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتوں میں اضافہ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص کا دوکاندار اشیائے خوردونوش کو سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرتا ہوا یا ذخیرہ اندوزی کرتا ہوا پکڑ گیا تو اس کے خلاف مقدمات درج کروانے کے علاوہ انہیں بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔