سبز ہلالی پرچم کو سرنگوں نہیں ہونے دینگے‘ نورالحق قادری
پشاور(بیورورپورٹ)ملک کے نظریاتی سرحدات کے محافظ علماء کرام اور جعرافیائی سرحدات کی محافظ پاک فوج ہے۔ ہم سب ملکر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو سرنگوں نہیں ہونے دینگے۔ اسلام کا نام لیکر چند مفاد پرست سیاستدانوں ملک و ملّت کو بدنام کیا ہے۔ علماء کرام بیدار ہوچکے ہیں ۔ اب کوئی مائی کا لعل علماء کرام کو اپنی ذاتی مفاد کے لیئے استعمال نہیں کر سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے جامع مسجد الزرعونی حیات آباد میں عظیم الشان دستار فضیلت کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دستار فضیلت کی موقع پر جامعہ جُنیدیہ غفوریہ پشاور کے 335 علماء کرام کی دستار بندی کی گئی۔ ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہماری خوش قسمتی ہے کہ جامعہ جُنیدیہ غفوریہ سے 335 علماء کرام فراغت حاصل کر کے دین مصطفی ﷺ کی ترویج و اشاعت کے لیئے اپنا کردار ادا کرنے کے لیئے میدان عمل میں نکل پڑے ہیں ۔ ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے کہا کہ اس ملک کی بد قسمتی یہ ہے کہ کچھ شر پسند عناصر حکومت کے تعمیری کاموں میں روکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ یہ عناصر ملک اور قوم کے دُشمن ہیں۔ جب تک علماء کرام موجود ہیں ان کے مکروہ عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیںگے