پھل سبزیوں کی مہنگے داموں فروخت جاری‘ ٹماٹر 46 ‘ پیاز 35 روپے کلو
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور میں گذشتہ روز پرچون سطح پر سبزیوں اور پھلوں کی کھلے عام گراں فروشی جاری رہی۔ کہیں بھی مارکیٹ کمیٹی کی ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔ صارفین کے مطابق سبزیوں میں ایک کلو آلو کچا چھلکا اول کی قیمت 37 روپے مقرر ہے لیکن دکاندار 42 روپے تک فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح پیاز درجہ اول کی قیمت 27 روپے ہے لیکن اس کی فروخت 35 روپے تک کی جا رہی ہے۔ ٹماٹر درجہ اول کی قیمت 42 روپے مقرر ہے لیکن دکاندار 46 روپے تک فروخت کر رہے ہیں۔ لہسن دیسی 90روپے کی بجائے 140روپے، لہسن چائنہ 150 روپے کی بجائے 200 روپے، ادرک چائنہ 275 روپے کی بجائے 320 روپے، شملہ مرچ 64روپے کی بجائے 70روپے، سبز مرچ اول 73 روپے کی بجائے 88روپے، لیموں چائنہ 110روپے کی بجائے 160روپے، پھلوں میں ایک کلو سیب کالاکولو میدانی اول 115روپے کی بجائے 145روپے، کیلا اول درجن 120روپے کی بجائے 150روپے، سٹابری اول کی قیمت 120روپے کی بجائے 200روپے، امرود اول 85 روپے کی بجائے 100روپے، خربوزا اول80 روپے کی بجائے 85 روپے، کھجور ایرانی 225 کی بجائے 280 روپے، کینو درجہ اول 86 روپے کی بجائے 150روپے تک فروخت کیا گیا۔