پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے پی پی حمزہ شہباز سے رابطہ کریگی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں ان ہائوس تبدیلی کے لئے باضابط سرگرمیاں شروع کر دیں اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ پیپلز پارٹی نے عددی اکثریت حاصل ہونے کے باعث مسلم لیگ (ن) کو اپنا وزیر اعلیٰ لانے کی پیشکش بھی کر دی۔ پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے عید کے بعد قوم کو بڑا تحفہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ان ہائوس تبدیلی کا تحفہ دیں گے۔ پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کے 25 سے 30 ارکان پنجاب اسمبلی رابطے میں ہیں۔ پنجاب میں ان ہائوس تبدیلی کے لیے حمزہ شہباز شریف سے رابطوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عددی اکثریت کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) اپنے وزیراعلی کا اعلان کرے‘ پیپلزپارٹی ساتھ دے گی۔ پنجاب میں تمام طبقات سڑکوں پر ہیں حتیٰ کہ گونگے بہرے بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ اس کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے کہ اب گونگے اور بہرے بھی بول پڑے ہیں۔ مہنگائی بے روزگاری اور انارکی بڑھتی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے 25سے 30ممبران ہم سے سوال کرتے ہیں کہ آپ پنجاب میں تبدیلی کیوں نہیں لاتے۔ شہباز اور حمزہ سے رابطہ کر کے بات کریں گے کہ بطور اکثریتی جماعت آگے آئیں۔ وزارت اعلی ان کا حق بنتا ہے، ہم نے اب آواز بلند نہ کی تو حکومت کے شریک جرم ٹھہریں گے۔ جدوجہد اور رابطے تیز کرینگے، اسمبلیوں سے استعفے نہ دینے کے (ن) لیگ کے بیانیے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔