حلیم عادل کی ملاقات‘ بیوروکریسی‘ پولیس کو سیاست سے پاک کرینگے: عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیف اﷲ نیازی اور گورنر سندھ بھی شریک ہوئے۔ حلیم عادل شیخ نے وزیراعظم کو جیل میں حالات سے متعلق آگاہ کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں بیورو کریسی بھی سیاسی ہو چکی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیورو کریسی اور پولیس کو سیاست سے پاک کریں گے۔ وزیراعظم نے حلیم عادل شیخ کو اہم ہدایات بھی دیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ شبلی فراز‘ معید یوسف‘ زلفی بخاری‘ ملک امین اسلم شریک ہوئے۔ عالمی سطح پر ملکی بیانیہ مضبوط بنانے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے بنگلہ دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاک بنگلہ دیش تعلقات کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔