مائزہ حمید کے سسر‘ تہمینہ دولتانہ کے بھائی کے مینجر کی اینٹی کرپشن پیشی
لاہور (سٹاف رپورٹر) سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے کے حوالے سے اینٹی کرپشن میں چلنے والی انکوائری میں مائزہ حمید کے سسر اور عمر ارشد گجر کے والد ارشد گجر اینٹی کرپشن کے سامنے پیش ہوئے جبکہ تہمینہ دولتانہ کے بھائی میاں زاہد دولتانہ کے مینجر محمد اکرم پیش ہوئے۔ اینٹی کرپشن حکام نے پرسوں دو اپریل تک دونوں فریقین کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا کہا ورنہ پرچہ درج کرکے گرفتاری عمل میں لانے کا عندیہ دے دیا۔ اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ ن کی ایم این اے مائزہ حمید کے شوہر عمر ارشد گجر اور سینئر رہنما مسلم لیگ ن تہمینہ دولتانہ کے بھائی میاں زاھد دولتانہ کو گذشتہ روز ذاتی حیثیت طلب کیا تھا۔ ڈی سی وہاڑی نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو مائزہ حمید کے شوہر عمر ارشد گجر اور تہمینہ دولتانہ کے بھائی میاں زاہد دولتانہ کے خلاف اندراج مقدمہ کے دو الگ الگ ریفرنس بھیجے تھے۔ مائزہ حمید کے خاوند عمر ارشد گجر وہاڑی میں محکمہ انہار کی 63 ایکڑ قیمتی سرکاری اراضی پر قابض ہیں۔ جبکہ میاں زاہد دولتانہ گزشتہ پندرہ سال سے محکمہ انہار کی 48 ایکڑ زمین پر قابض ہیں۔