یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں 10سے120 روپے تک
لاہور (کامرس رپورٹر) شہر کے یوٹیلٹی سٹورز پر بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ یوٹیلٹی سٹورزشہریوں کیلئے افادیت کی بجائے زحمت بننے لگے۔ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 10سے 120روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کر دیا گیا۔ باتھ سوپ 7 روپے مہنگا، شیمپو 10سے 20، کولڈ ڈرنکس 5 روپے سے 10روپے تک فی ٹن پیک مہنگی ہوئی ہیں۔ اسی طرح ٹی وائیٹنرز 21 روپے سے 32 روپے فی پیک مہنگا ہوا ہے۔ خشک دودھ، بچوں کے دودھ 50 روپے سے 100، سٹیشنری آئیٹمز 2 روپے سے 11 روپے تک مہنگی ہوئیں ہیں۔ جبکہ کوکنگ آئل 27 روپے لٹر تک مہنگا ہو گیا ہے۔ ایک ماہ میں سوئیوں کا پیکٹ 8 روپے، ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 15 روپے، 250 ملی لیٹر کے ہینڈ واش کی قیمت میں 15، کلینر 29 روپے اور جوتوں کی پالش میں 10روپے تک اضافہ ہوگیا ہے۔ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ حکومت رمضان المبارک سے قبل ریلیف کی بجائے قیمتیں بڑھا کر تکالیف بڑھا رہی ہے۔ اسے فوری واپس لیا جائے۔