کرونا وائرس ووہان سے نہیں پھیلا: عالمی ادارہ صحت
بیجنگ (شنہوا+ نوائے وقت رپورٹ) چین کے صوبہ ووہان جانے والی عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے حتمی رپورٹ میں کرونا وائرس لیبارٹری سے پھیلنے کا امکان مسترد کر دیا ہے۔ ٹیم نے بتایا کہ کرونا وائرس کے چمگادڑ سے انسانوں میں پھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے دیگر مفروضات پر مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔ دوسری طرف چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی وزیرخارجہ اینتھونی بلنکن کے عالمی ادارہ صحت کی کوویڈ19ماخذ کے حوالے سے رپورٹ سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک وباء سے متعلقہ معاملات پر بے بنیاد الزامات اور بلاوجہ کی طعنہ زنی کوکبھی بھی قبول نہیں کرے گا۔ ترجمان ڑاو لی جیان نے ان خیالات کا اظہار پیرکو پریس بریفنگ کے دوران بلنکن کے تازہ ترین انٹرویو سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کیا، انٹرویو میں امریکی وزیرخارجہ نے کرونا ماخذ کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی آنے والی رپورٹ پر خدشات کااظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین اس رپورٹ کی تیاری میں مدد کررہا ہے۔ ڑا ونے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اورچین کی مشترکہ ماہر ٹیم نے ووہان انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی سمیت 9 مقامات کادورہ کیا اور طبی عملے، سائنسی محققین ،صحت یاب ہونے والے مریضوں،طبی عملے کے افراد اور کوویڈ19سے مرنے والے طبی عملے کے اہل خانہ اور عام لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان نے کہا کہ چین نے اصل اعداد و شمار بھی فراہم کیے ۔ ڈبلیو ایچ او کے ماہرین نے مشترکہ تحقیق پر مثبت خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین کا تعاون توقع سے بڑھ کر تھا۔