• news

چین کی یوم پاکستان پر مبارکباد گہرادوست کہنا قابل تعریف

لاہور (خاور عباس سندھو) عوامی جمہوریہ چین نے پاکستان کو 82 ویں یوم پاکستان پر گرم جوشی سے مبارکباد اور پاکستانی صدر عارف علوی کے فوجی پریڈ کے موقع پر پاکستان چین دوستی سے متعلق ریمارکس کی تعریف کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی چیان نے پریس کانفرنس میں پاکستانی صدر عارف علوی کی جانب سے یوم پاکستان کی مناسبت سے فوجی پریڈ کے موقع پر ان کے چین سے متعلق ریمارکس کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی صدر کی جانب سے اہم موقع پر چین کو پاکستان کا قریبی ترین اور گہرا دوست کہنا قابل تعریف ہے۔ ہم ان کے ریمارکس کی بے حد تعریف کرتے ہیں۔ ترجمان ژاؤ لی چیان نے کہا کہ چین پاکستان کی دوستی ہمیشہ قائم رہے۔ ژاؤ لی چیان نے مزید کہا کہ چین نے پاکستان کو 82 ویں یوم پاکستان کی پرتپاک مبارکباد پیش کی اور کہا اسے یقین ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام قومی نشوونما اور تجدید نو کی راہ پر پائیدار ترقی کریں گے۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے فوجی پریڈ کے موقع پر پاکستانی صدر کی جانب سے اپنے خطاب میں چین پاکستان تعلقات پر تعریفی کلمات کو نوٹ کیا اور ان الفاظ کی بے حد تعریف کی ہے۔ چین نے پاکستان کے ساتھ تعاون کے ہر موسم کی سٹرٹیجک شراکت کو بھی فروغ دیا ہے۔ ہم اپنے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کو نئے دور کے مشترکہ مستقبل کے لئے ایک موقع سمجھتے ہوئے کوویڈ 19 کے خلاف جنگ، اپنی روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، ہمہ جہتی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور ایک مشترکہ چین- پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کی امن اور اچھی ہمسائیگی پر مشتمل خارجہ پالیسی اور اس کے ساتھ ساتھ افغانستان میں امن اور مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کے عزم کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین بھارت کے ساتھ پاکستان کے حالیہ مثبت تعامل پر خوش ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں اور علاقائی امن، استحکام اور ترقی میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن