پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا :کنور عمران سعید
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے ضلعی صدر کنور عمران سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کا ملک سے سیاسی کردار بالکل ختم ہوچکا ہے اور پی ڈی ایم کا شیرازہ بھی مکمل طور پر بکھر چکا ہے پاکستان کی 22 کروڑ عوام نے پی ڈی ایم کا ملک دشمن ایجنڈا مسترد کردیا ہے، وفاق اور پنجاب حکومت نے ملکی وسائل کا تمام تر رخ عام آدمی کی ترقی و خوشحالی کی طرف موڑ کر عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کی ہے، بلاول کی بڑھکیں بے وقت کی راگنی ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا، اس موقع پر پارٹی کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے، کنور عمران سعید نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ معاشی استحکام کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں حکومت کا ایجنڈا اصلاحات اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے، مشکل ترین مالی حالات کے باوجود حکومتی کوششوں کے نتیجے میں معیشت کو استحکام ملنے کیساتھ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔