سوشل میڈیا رولز، قوانین کی تشکیل کیلئے اٹارنی جنرل کی سفارش پر کمیٹی تشکیل
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا رولز کے حوالے سے قوانین تشکیل دینے کیلئے اٹارنی جنرل کی سفارش پر پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ اٹارنی جنرل پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے سوشل میڈیا پر اپنی سفارشات وزاعظم کو بھجوائیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا رولز اور نگرانی کے لیے بڑے پیمانے پر مشاورت کی جائے۔ تاکہ آئین کے آرٹیکل 19 اور 19اے کے مطابق فریڈم آف سپیچ اور معلومات تک رسائی ممکن ہو اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو بھی روکا جا سکے۔ کمیٹی سوشل میڈیا کے حوالے سے وزیراعظم کو ساٹھ روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔