سپریم کورٹ : مجرم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے)سپریم کورٹ نے سزائے موت کے مجرم انور کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں جسٹس منظور ملک، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ انور جرم کے وقت نابالغ تھا اور وہ 2001 کے صدارتی آرڈر کے فائدے کا حقدار ہے۔مجرم کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انور کو بھائیوں کے ہمراہ 1993 میں گرفتار کیا گیا تھا ، تب اس کی عمر 17 سال تھی اور وہ 28 سال سے قید ہے، اسے 3 بار ہارٹ اٹیک ہوا جبکہ وہ جزوی طورپر مفلوج ہوچکا ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ دیتے ہوئے مجرم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔