مسلم لیگ ن‘جے یو آئی کاگیلانی کو اپوزیشن لیڈر نہ ماننے پر اتفاق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی نے سینٹ میں یوسف رضا گیلانی کو قائد حزب اختلاف نہ ماننے پر اتفاق کیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے جے یو آئی (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران شاہد خاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف منتخب ہونے کے بعد کی صورت حال پر مشاورت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو کے دوران کہا گیا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں پیپلزپارٹی کے رویہ سے مایوس ہیں۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو اپنا قائد حزب اختلاف لانے کے لئے حکمت عملی طے کرنی ہوگی۔ عبدالغفور حیدری نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کے معاملے میں پیپلزپارٹی نے باپ سے حمایت مانگ کر سب کو مایوس کیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قائد حزب اختلاف سے متعلق پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں سے بھی جلد مشاورت کریں گے۔