سمارٹ سٹی سمیت جعلساز سوسائٹیز کیخلاف ایف آئی اے تحقیقات شروع
اسلام آباد (خبر نگار) سہانے خواب دکھا کر عوام کو لوٹنے والے بلڈرز مافیا کے خلاف گھیرا تنگ ہونے لگا، بغیر این او سی اور گمراہ کن مواد سوشل میڈیا پر ڈال کر عوام کو لوٹنے والے بلڈرز کے خلاف ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں غیر قانونی سوسائٹیز اور حقائق کے منافی مواد ڈال کر مارکیٹنگ کرنے والوں کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ عوام کی جانب سے حبیب رفیق گروپ کی کیپیٹل سمارٹ سٹی نامی ہائوسنگ سکیم سمیت متعدد سوسائٹیز کے خلاف عوامی شکایات پر راولپنڈی ڈیویلپمینٹ اتھارٹی کی جانب سے ایف آئی اے سائبر کرائم کو باقائدہ خط لکھا گیا ہے جس کے بعد ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے ابتدائی تحقیقات کے بعد جعل سازی میں ملوث تمام بلڈرز کے خلاف باقاعدہ مقدمات درج کئے جائیں گے، کیپیٹل سمارٹ سٹی سمیت متعدد سوسائٹیز پر مبینہ طور پر الزامات ہیں کہ مذکورہ سوسائٹیزنے عوام کو گمراہ کرنے کیلئے اپنی ویب سائیٹ پر غلط معلومات درج کی ہیں، ویب سائٹ پر درج معلومات کے مطابق کیپیٹل سمارٹ سٹی کے پاس صرف سات ہزار پانچ سو پانچ کینال رقبہ کا این او سی ہے تاہم مذکورہ سوسائٹی کی جانب سے ایک لاکھ کنال کا منصوبہ ظاہر کرکے پلاٹ بیچے جارہے ہیں، مذکورہ منصوبے کو فروخت کرنے والی ویب سائیٹ پر موجود معلومات کے مطابق منصوبہ اسی ہزار کنال پر مشتمل ہے، سوسائٹی انتظامیہ کی جانب سے ویب سائیٹ پر جاری معلومات کے مطابق مذکورہ منصوبہ کو 2020میں اسی ہزار کنال کی منظوری دی گئی ،کیپیٹل سمارٹ سٹی کی ترجمان کے مطابق منصوبہ ایک لاکھ کنال پر مشتمل ہے،کیپیٹل سمارٹ سٹی نے منصوبے کوماسٹر پلان پربھی ایک لاکھ کنال ظاہر کیا گیا ہے۔