آپ کو گھر بھیجنے تک کہیں جانے کا ارادہ نہیں: مریم نواز
لاہور(آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی خرابی صحت کا معاملہ، شریف خاندان کے ذاتی چیف معالج ڈاکٹر عدنان لندن سے لاہور پہنچ گئے۔ ڈاکٹر عدنان مریم نواز کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے لاہور پہنچے ہیں۔ نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈاکٹر عدنان مریم نواز کا چیک اپ کریں گے۔ ڈاکٹر عدنان نواز شریف کے ذاتی معالج بھی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عدنان کی ہدایت پر مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ لے لئے گئے، مریم نواز کے ٹیسٹوں کی رپورٹس کے بعد آئندہ کے علاج کا طریقہ وضع کیا جائے گا۔ لیگی رہنما کا گلہ ایک ہفتے سے خراب تھا، ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کروایا گیا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی تھی۔مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بیمار کیا ہوئی‘ لرزتی حکومت کو امید ہوئی کہ شاید علاج کرانے باہر جانے لگی۔ میرا آپ کو گھر بھیجنے تک کہیں جانے کا ارادہ نہیں‘ مریم نواز پاکستان بیٹھ کر آپ کا علاج جاری رکھے گی۔