مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، شیخ رشید
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت وفاقی تحقیقاتی ادارے میں آئندہ چند روز میں بڑی تبدیلیاں لانے جا رہی ہے، حکومت جلد سے جلد ملک میں مہنگائی کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا سب سے بڑا چیلنج اور حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک مو ومنٹ ٹوٹ چکی ہے کیوں کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)ایک دوسرے پر اعتماد کھو چکی ہیں اور رمضان کے بعد اگر کوئی لانگ مارچ شروع کیا گیا تو وہ محض علامتی ہوگا۔وزیر داخلہ نے کہاکہ حکومت وفاقی تحقیقاتی ادارے میں آئندہ چند روز میں بڑی تبدیلیاں لانے جا رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ،تحریک آزادی کشمیر کی سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور کوئی طاقت کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کو دبا نہیں سکتی۔