کرونا ویکسین کیلئے ڈیڑھ ارب مختص سیاست والے اپنا کام ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرونا ویکسین کی 10 لاکھ ڈوزز خریدنے کیلئے1ارب 50کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مینار پاکستان کے قریب ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں ویکسینیشن سنٹر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ویکسین خریدنے کیلئے فنڈز مختص کردیئے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ سینٹر میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے بھی خصوصی انتظامات موجو د ہیں۔ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو ایمبولینس کے ذریعے گھر میں ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ہیلتھ سسٹم پر کرونا مریضوں کی وجہ سے دباؤ بڑھ رہا ہے۔ آکسیجن کی ضرورت7گنا بڑھ چکی ہے۔ وفاق سے ویکسین ڈوزز کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ لاہور میں مزید ویکسینیشن سنٹر بنا رہے ہیں، اب پنجاب میں کل سنٹر 127 ہو جائیں گے۔ عوام ماسک کا استعمال ضرور کریں، اسی میں آپ کا اور آپ کے پیاروں کا فائدہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ انڈسٹریز متاثر نہ ہو اورکاروبار بھی چلے۔ اگر لوگ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں گے تو کرونا پر قابو پانا ممکن ہوگا۔ سیاست کرنے والے اپنا کام کرتے رہیں۔ ہم عوام کی خدمت کا کام کرتے رہیں گے۔ لوکل گورنمنٹ پر سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے، اس کے مطابق آگے بڑھیں گے۔ سروسز ہسپتال میں ویکسین کی خوراکیں غائب ہونے اور مزنگ ہسپتال میں ضائع ہونے کے معاملے کا فوری نوٹس لیا ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو ویکسین لگوانے کیئے پک اینڈ ڈراپ کیلئے خصوصی ایمبولینس سروس کا افتتاح کیا۔ بزرگ شہریوں نے شاندار انتظامات پر وزیراعلیٰ کی تعریف کی اور بتایا کہ ویکسینیشن سنٹر میں بہترین سہولتیں موجود ہیں۔ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ہمارے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں اور سنٹر پرکئے گئے انتظامات پر آپ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ عثمان بزدار نے پروٹوکول افسر حامد رضا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بورے والا کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔عثمان بزدار نے شیخوپورہ کے علاقے میں آستانیہ عالیہ بشیریہ جلیلیہ لاہور کے گدی نشین سید ذوالقرنین جلیل پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔