• news

رمضان سے قبل اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافہ قابل افسوس ہے:اسلم اقبال 

لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیاء  خورد ونوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ قابل افسوس ہے، اشیاء ضروریہ کی سرکاری نرخوں سے زائد پرفروخت متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔صوبائی وزیر کا گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے عام آدمی کی مشکلات بڑھانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی صورت مہنگائی مافیا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، گرانفروشی کی روک تھام کے  ادارے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ اشیاء  ضروریہ کی طلب ورسد، معیار اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔متعلقہ افسر دفاتر سے نکل کر مارکیٹوں میں جائیں اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے متفقہ اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں، گراں فروشوں اور مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گراں فروشوں کو کسی صورت عوام کی جیبوں پر ڈاکہ نہیں ذالنے دیں گے۔ ماہ مقدس میں غریب عوام کو ریلیف دے کر اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی حاصل کی جاسکتی ہے۔ پنجاب حکومت نے7ارب روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن