قابض بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 3کشمیری نوجوان شہید‘20گرفتار
سری نگر(کے پی آئی)بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میںتین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فوج کی بھاری جمعیت نے جمعہ کی صبح جنوبی ضلع پلوامہ کے کاکا پورہ علاقے کو محاصرے میں لے لیا تھا ۔کے پی آئی کے مطابق دوران محاصرہ تلاشی آپریشن میںتین نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔ بھارتی فوجی کارروائی کے خلاف شہریوں نے محاصرہ توڑ کر احتجاج کیا ۔ بھارتی فوج نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا ۔ فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 25 سالہ خاتون عشرت جہاں اور45 سالہ غلام نبی ڈار نامی شہری زخمی ہو گیا۔دونوں زخمیوں کو صدر اسپتال سرینگر منتقل کر دیا گیا ۔ ادھر شمالی ضلع بارہمولہ کے قصبہ پٹن میں بھارتی فورسز نے جمعہ کی صبح تلاشی آپریشن کا آغاز کیا ۔ پٹن کے کھانڈے محلہ اور سعد محلہ کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے ۔ بھارتی فورسز نے سری نگر کے مختلف علاقوں سے تلاشی مہم کے دوران 20نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس نے نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔پولیس نے الزام لگایا ہے کہ ان نوجوانوں نے 28 مارچ کو بادام واری باغ میں محکمہ سیاست کے موسیقی کے پروگرام کے خلاف احتجاج کیا تھا۔پولیس تھانہ رعناواری نے نوجوانوں کے خلاف ھنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ بیمار ہو گئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق پروفیسر عبدالغنی بٹ کو معمولی برین سٹروک ہوا ہے تاہم ان کی حالت بہتر ہے ۔پروفیسر عبدالغنی بٹ مسلم کانفرنس مقبوضہ کشمیر کے سربراہ ہیں وہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین بھی رہے ہیں۔