• news

’’جاگ اٹھا ہے سارا وطن‘‘شوکت علی  انتقال کر گئے‘وزیراعظم  و دیگر کا اظہار افسوس

لاہور‘ اسلام آباد (سپیشل رپورٹر + نیوز رپورٹر + نامہ نگار + خبر نگار خصوصی) 60 سال تک پرجوش نغمات سے فن گائیکی میں لوہا منوانے والے ’وائس آف پنجاب‘ گلوکار شوکت علی انتقال کر گئے۔  گلوکار شوکت علی سی ایم ایچ میں زیر علاج تھے اور ان کے انتقال کی تصدیق ان کے اہلخانہ نے کی۔ گلوکار شوکت علی جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ شوکت علی پنجاب کے ملکوال ضلع گجرات کے فنکار گھرانے میں پیدا ہوئے اور انہوں نے اپنے فنی سفر کا  آغاز فلمی گانوں سے 1960 کی دہائی میں کیا تھا اور  شوکت علی کا غزل، گیت، قومی ترانے اور  پنجابی لوک گیتوں میں منفرد مقام تھا۔ گلوکار شوکت علی کاگایا ہوا نغمہ ’جاگ اٹھا ہے سارا وطن‘ بہت مشہور ہوا اور 1965 اور 1971 کی جنگوں میں شوکت علی کے ملی نغموں نے قوم کا خون گرمایا۔ گلوکار شوکت علی کو 1976 میں ’وائس آف پنجاب‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا اور پھر 1990 میں شوکت علی کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ جولائی 2013 میں انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ پرائیڈ آف پنجاب' ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ شوکت علی نے 1982 میں نئی دہلی میں ہونے والے ایشین گیمز میں براہ راست پرفارمنس بھی دی تھی۔ معروف گلوکار شوکت علی کی وفات پر انکے بیٹے امیر شوکت علی اور عمران شوکت علی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے پچھلے چھ ماہ سی ایم ایچ میں علاج کروایا۔ والد کے جسد خاکی کو پورے اعزاز کے ساتھ سی ایم ایچ سے گھر لانے پر بھی ہمارا خاندان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مشکور ہے۔ ان کے بیٹوں کا کہنا تھا کہ والد صاحب جیسا درویش صفت انسان نہیں دیکھا۔ وہ پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔ ان کے پرستاروں سے دعاؤں کی درخواست ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء ڈاکٹر اسلم ڈوگر اور ڈائریکٹر الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے بھی معروف گلوکار شوکت علی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق شوبز شخصیات نے بھی گلوکار شوکت علی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے شوکت علی کو سب سے زیادہ مقبولیت سیف الملوک گانے کی وجہ سے ملی جس کی شاعری پنجابی کے صوفی شاعری میاں محمد بخش نے لکھی تھی۔ نامور گلوکار عارف لوہار، فریحہ پرویز، حامد علی خان، استاد راحت فتح علی خان، راحت ملتانیکر، سائرہ نسیم، نصیبو لعل، سید نور، شان، صائمہ نور، ثناء فخر، ریشم، بابر علی، ببرک شاہ سمیت دیگر نے کہا  شوکت علی جیسا فنکار صدیوں میں پیدا ہوتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان‘ سابق صدر آصف علی زرداری‘ گورنر پنجاب چودھری سرور‘ وزیراعلیٰ عثمان بزدار‘ گورنر سندھ عمران اسماعیل و وزیراعلیٰ مراد علی شاہ‘ فردوس عاشق اعوان‘ شبلی فراز‘ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں قمر زمان کائرہ‘ چودھری منظور ‘ سید حسن مرتضیٰ‘ مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین‘ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے گلوکار شوکت علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک لیجنڈ گلوکار سے محروم ہو گیا۔ فن گائیکی کیلئے انکی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔ سیاسی رہنماؤں نے انکے اہلخانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔  دریں اثناء گلوکار  شوکت علی کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ جوہر ٹاؤن میں ادا کی گئی۔ جس  میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ان کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کل جوہر ٹاؤن  میں کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن