خیبر پی کے میں کرونا کا علاج صحت کارڈ میں شامل کرنے کا اعلان
پشاور(آئی این پی ) وزیراعلی خیبر پی کے محمود خان نے کرونا کا علاج صحت کارڈ میں شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پی کے واحد صوبہ جو 100 فیصد آبادی کو علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی خیبر پی کے محمود خان کا صحت کے حوالے سے ایک اہم اقدام سامنے آیا ہے، وزیراعلی کے پی نے کورونا کا علاج صحت کارڈ پلس اسکیم میں شامل کرنے کا اعلان کردیا ہے، جب کہ متعلقہ حکام کو کویڈ ویکسینیشن صحت کارڈ اسکیم میں شامل کرنے کے لئے فوری بنیادوں پر ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ وزیراعلی محمود خان کا کہنا ہے کہ اب عوام کو کورونا وائرس کے علاج معالجے کی سہولت بالکل مفت حاصل ہوں گی، خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جو اپنی 100 فیصد آبادی کو علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کر رہی ہے، صوبائی حکومت مشکل حالات کے باوجود لوگوں کو زیادہ سے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔