• news

بھٹو کی برسی آج‘ ملک و آئین کی حفاظت کرتے رہیں گے: زرداری  

لاہور/اسلام آباد (نامہ نگار+ صباح نیوز) سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 42 ویں برسی آج منائی جائیگی۔ اس موقع پر سابق صدر و پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوامی لیڈر موت شان سے قبول کرتا ہے۔ اصولوں پر سمجھوتہ نہیں ملک اور آئین کی حفاظت کرتے رہیں گے۔ کچھ عناصر 18 ویں آئینی ترمیم کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ ہم ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے اس ملک کی تعمیر اور قوم کو فخر سے سراٹھا کر جینے کا ڈھنگ سکھایا۔لاہور سے نامہ نگار کے مطابق برسی کے موقع پر جاری کئے گئے اپنے پیغامات میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد اور سیکرٹری اطلاعات سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو شہید وطن پرست عوامی رہنما اور عالمی پائے کے لیڈر تھے۔ اور وہ آج بھی  عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے عام آدمی کو پہچان دی۔ انہوں نے  ملک کے محنت کش اور محروم طبقات کو نہ صرف زبان دی بلکہ ان کے حقوق کے لیے کام بھی کیا۔ جمہوریت دشمنوں نے بھٹو شہید کو راہ سے ہٹا کر ملک کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔ مگر جیالے آج عہد کرتے ہیں۔ پاکستان کو ایک جمہوری فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ آج بھٹو شہید کی لازوال قربانیوں کی بدولت پاکستان میں جمہوریت روراں دواں ہے۔ اپنے آفس بھٹہ چوک میں بھٹو شہید کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھٹو نے سرمایہ داروں جاگیرداروں سے کہا کہ وہ غریبوں کو ان کے حقوق فراہم کریں۔

ای پیپر-دی نیشن