• news

 زرداری، بلاول کا پیپلزپارٹی پر قبضہ ہے، شہباز گل 

اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی+نمائندہ نوائے وقت)معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ لفظ مسلط کی تشریح زرداری، بلاول کا پیپلزپارٹی پر قبضہ ہے۔ معاون خصوصی شہباز گل نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ زرداری اور ان کے حواری سندھ کے لیے ایک بیماری ہیں۔انہوں نے کہا کہ جعلی وصیت پر چیئرمین بننے والے خود کو بھٹو کا وارث کہلاتا ہے، 14 سال سے مسلط ڈاکو لوٹ مار کے سوا سندھ کو کچھ نہ دے سکے۔شہباز گل نے کہا کہ غربت کا وسیلہ بن کر سندھ پر بلاول اصل کٹھ پتلی ہیں، چوری کے سوال پر چوروں کی جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ پرچی چیئرمین والد کی کرپشن کے دفاع کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، عمران خان نے تمام چوروں کو اکٹھا کرکے بے نقاب کردیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود معیشت بہتری طرف گامزن ہے۔وزیرمواصلات مرادسعید نے کہا ہے کہ قوم کو لوٹ کر ذاتی تجوریاں بھرنے والے جمہوریت اور اندازِ حکمرانی سکھا رہے ہیں۔ زرداری اور انکی جماعت ڈاکہ زنی پر لیکچر دے جمہوریت و سیاست سے انکا دور کا کوئی رشتہ نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں انھوں نے کہا کہ  پیپلزپارٹی نے تازہ ترین واردات سینٹ انتخابات کے دوران ڈالی۔ پارلیمان کی ساکھ خاک میں ملانے کیلئے بلاول کے والد نے اپنے سرمایہ کاروں سے اربوں خرچ کروائے۔ باہم دست و گریباں ہیں مگر قوم کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، مراد سعید نے کہا کہ ابھرتی معیشت اور سنبھلتی قوم انہیں کسی طور گوارا نہیں۔ عالمی میڈیا سے مسٹر ٹین، ٹونٹی اور سکسٹی پرسنٹ کا خطاب پانے والے معیشت سنبھالنے کے نسخے ایجاد کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن