• news

 کرونا مزید 84اموات 3490مریضوں کی حالت تشویشناک مالم جبہ سیاحوں کیلئے بند

اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے+ وقائع نگار+ نیوز رپورٹر) مہلک وباء کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میںمزید84 افراد دم توڑ ہوگئے۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 697 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میںمیں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 82 ہزار888 سے تجاوز کر گئی۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران4 ہزار 723 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مارکیٹیں اور تجارتی مراکزبند کرا دیئے گئے۔ محکمہ صحت ومحکمہ داخلہ کے احکامات کے تحت ہفتہ اور اتوار والے دن شہر کے تمام تجارتی مراکز بند رہیں گے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس موبائل کے ذریعے مارکیٹوں اور تجارتی مراکز بند رکھنے کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پنجاب حکومت سے کرونا ویکسین کی خریداری سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سوالات پر مبنی خط ارسال کر دیا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے خط میں لکھا ہے کہ پنجاب حکومت ڈیڑھ ارب کی لاگت سے کرونا ویکسین کی 10لاکھ خوراکیں خریدنے جا رہی ہے۔ آگاہ کیا جائے کہ پنجاب حکومت اس رقم سے کون سی ویکسین خریدے گی۔ کرونا کی تیسری لہر اور مثبت کیسز میں اضافے کے باعث کمشنر لاہور نے فری ماسک کیمپس قائم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ غریب آبادی میں لوگوں کی زیادہ آمدورفت والی جگہوں پر فوری طور پر 20 کیمپس قائم کئے جائیں۔ کمشنر لاہور نے کووڈ رابطہ نظام کو تیز کرنے کیلئے ڈی سی کو اہداف دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کے درمیان معلومات کے تیز ترین تبادلے کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق چین سے درآمد کی گئی سنگل ڈوز ویکسین کین سائنو بائیو 5 اپریل سے عوام کو لگائی جائے گی۔ این سی او سی کے مطابق کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث 594 آکسیجن بیڈز کا اضافہ کیا گیا۔ پشاور اور سوات میں آکسیجن بیڈز کو بڑھا دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں سکول بند کرنے سے متعلق دو تجاویز سامنے آئیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران سٹیئرنگ کمیٹی کے کچھ ممبران نے سندھ میں آٹھویں جماعت تک کیلئے سکول بند کرنے کی تجویز دی اور کچھ ممبران نے سکولوں کو 15 روز کیلئے بند کرنے کا کہا تاہم کچھ ممبران نے تمام سکول بند کرنے کی مخالفت کی۔ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ 2 مختلف تجاویز این سی او سی میں پیش کروں گا۔ کرونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث خیبر پی کے حکومت نے سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ کو بند کر دیا۔ مالم جبہ میں ریزارٹ بند کرنے ہونے سے اس کی ذپ لائن اور چیئر لفٹ بھی بند کر دی گئی۔ لاہور کی یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز میں تیار کی جا رہی۔ کرونا ویکسین کو جانوروں پر ٹرائل کی اجازت مل گئی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ماہرین 6 ماہ سے کرونا ویکسین کی تیاری میں لگے ہوئے ہیں۔ ٹرائل کیلئے حکومت کی اجازت کے منتظر تھے۔ جو اب مل گئی ہے۔ 65 سال کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن کا آغاز ہو گیا۔ کرونا ویکسین لگوانے کی لئے شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا۔ جنوبی افریقہ میں موجود پاکستانی نوجوان لیگ سپنر عثمان قادر کی اہلیہ صوبیہ قادر بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق  صوبیہ عثمان میں بظاہر کرونا کی زیادہ علامات موجود نہیں تاہم کوویڈ ٹیسٹ میں ان میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔  الائیڈ ہسپتال میں گزشتہ 24  گھنٹوں کے دوران کرونا کے باعث مزید 19 مریض چل بسے۔ تفصیلات کے مطابق الائیڈ ہسپتال میں  کرونا کے باعث داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں ہولناک اضافہ ہوگیا ہے۔ ہسپتال کی طرف سے 11 وارڈز مختص کئے گئے ہیں۔ ماتحت عدالتوں میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے ججوں کی تعداد درجنوں تک پہنچ گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج کاشف قیوم ، مزمل موسیٰ، زاہد غزنوی، سول جج عبدالماجد، محمود ہارون، نابینا سول جج یوسف سلیم اورجوڈیشل مجسٹریٹ ضلع کچہری کاشان محمد علی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق 30 جج کرونا وائرس سے صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔ جبکہ ایڈیشنل سیشن جج اظفر سلطان ابرار سید کرونا وائرس کے باعث انتقال ہوگیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی  ملک احمد خان کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ جس کے بعد انہوں نے  خود کو گھر پر ہی قرنطینہ کر لیا۔ چڑیا گھر کے دو ملازمین کا کرونا ٹیسٹ مثبت جبکہ شیرنی کا بھجوایا گیا ٹیسٹ نیگیٹو آگیا۔ انتظامیہ کی جانب سے  چڑیا گھر میں کرونا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والے سیا حوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ چڑیا گھر انتظامیہ نے کینٹین اور دیگر تفریحی مقامات پر بیٹھنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے جبکہ بچوں پر جھولوں کے استعمال پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن کے صدر ایلبیرٹو فرنانڈس کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء این سی او سی  نے رمضان المبارک کے بارے میں گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ گائیڈ لائنز مساجد، امام بارگاہوں میں نماز، تراویح کیلئے ہیں۔ صحن والی مساجد، امام بارگاہ میں نماز ہال میں ادا نہیں ہو گی۔ تراویح، کا اہتمام مساجد، امام بارگاہ کے احاطے میں کیا جائے۔ مساجد، امام بارگاہوں میں وضو کرنے پر پابندی ہو گی، نمازی حضرات گھر سے وضو کر کے مسجد، امام بارگاہ آئیں۔ مساجد، امام بارگاہوں میں قالین، دریاں نہیں بچھائی جائیں گی۔ مساجد، امام بارگاہوں میں نماز فرش پر ادا کی جائے گی۔ فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے۔ شہری مسجد میں گھر سے جائے نماز ساتھ لانے کو ترجیح دیں۔50  سال سے زائد العمر، بچوں کو مساجد، امام بارگاہ نہیں آنا چاہئے۔ گائیڈ لائنز کے مطابق فلو، کھانسی میں مبتلا نمازیوں کو مساجد، امام بارگاہ نہیں آنا چاہئے، نمازی حضرات ماسک پہن کر مسجد آئیں۔ شہری مجمع لگانے سے گریز کریں۔ صف بندی کے دوران نمازیوں کے مابین6  فٹ فاصلہ رکھا جائے۔ نمازیوں کی سہولت کیلئے صفوں میں فاصلہ رکھ کر نشانات لگائے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن