• news

مالی: امن دستوں پر فائرنگ، 4 فوجی ہلاک، 50 سے زائد حملہ آور مارے گئے

بماکو(نوائے وقت رپورٹ) افریقی ریاست مالی میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن دستوں پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ شمالی شہر اگیولہوک میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے دستوں پر درجنوں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا۔اقوام متحدہ کے امن مشن کے دستوں کی خاتون ترجمان نے دعوی کیا کہ امن دستے کے قافلے پر حملہ آوروں کی تعداد 100 سے 120 کے درمیان تھی جو جدید اسلحہ سے لیس تھے۔ جوابی کارروائی میں 50 سے زائد حملہ آور بھی مارے گئے۔تاحال کسی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں اس نوعیت کی کارروائیاں القاعدہ اور داعش سے منسلک مقامی گروہ کرتے ہیں۔واضح رہے کی افریقی ریاست مالی میں امن و امان کی مخدوش صورت حال کے باعث اقوام متحدہ کے 13 ہزار کے قریب امن فوجی تعینات ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن