ن لیگ کے مینڈیٹ سے بے وفائی نہیں کرسکتے:رانا احمد عتیق
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت)چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ رانا احمد عتیق انور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عملدر آمد کروانے میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی اگر ایسا ہوا تو وہ حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کیلئے سپریم کورٹ جائیں گے عوام کو بہترین بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور انکے مسائل کے حل کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہیں مگر عوام نے انہیں (ن) لیگ کا مینڈیٹ دیکر چیئرمین ضلع کونسل منتخب کیا تھا وہ کسی صورت بھی (ن) لیگ کے مینڈیٹ سے بے وفائی نہیں کرسکتے ہماری سیاست کا مرکز و محور ہمیشہ سے عوام کی خدمت رہا ہے ، اپنے باقی مدت کے دوران ضلع میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا اور اپنے ادھورے عوامی فلاحی منصوبوں کو مکمل کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل شیخوپورہ میں وائس چیئرمینز جہانزیب خان ،اکرام سعید بھٹی اور اپنے 70سے زائدحامی چیئرمینز کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر محمد اصغر جوئیہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا احمد عتیق انور نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ جونہی حکومت پنجاب کی طرف سے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں نوٹیفکیشن جاری ہوتا ہے وہ فی الفور انہیں چیئرمین ضلع کونسل کے عہدے کا چارج دے دیں گے ، رانا احمد عتیق انور نے میڈیا کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے تحت بلدیاتی اداروں کو بحال کیا گیااور آئین اس بات کا تحفظ دیتا ہے کہ یہ ادارے اپنی آئینی مدت پوری کریں اور انہیں ایک نوٹیفکیشن کے تحت ختم کرنے کا عمل سراسر غیر قانونی وغیر آئینی اور غیر اخلاقی بھی تھا جس سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوا ۔